برطانیہ کی حکومت نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کے باعث 18 ممالک کے لیے سفری ایڈوائزری جاری کردی ۔رپورٹ کے مطابق سفری ایڈوائزری میں قبرص، ترکی، بحرین، مصر، عمان، قطر، سعودی عرب، کویت، متحدہ عرب امارات، الجزائر، تیونس، شام، لبنان، ایران، مراکش، مقبوضہ فلسطینی علاقے، اسرائیل اور لیبیا شامل ہیں۔نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرسکتا ہے جس سے قریبی ممالک کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔برطانوی دفتر خارجہ نے کئی ممالک کے لیے سفری انتباہ جاری کیا۔ خاص طور پر ایران پر سفر کرنے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔ مزید برآں، مسافروں کو مصر کے بعض علاقوں، خاص طور پر شمالی سینائی اور لیبیا کے ساتھ سرحد کا دورہ کرتے وقت بھی احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔برطانیہ کے دفتر خارجہ نے برطانوی شہریوں کے لیے اضافی سفری وارننگ جاری کرتے ہوئے مسافروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ یمن کے ساتھ سعودی عرب کی سرحد اور لیبیا، نائجر، مالی اور موریطانیہ کے ساتھ الجزائر کی سرحدوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔